نئی دہلی 24 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بھارتی وزیراعظم مودی کی طرف سے حکومت کے خلاف اپوزیشن پر جھوٹے پروپیگنڈے کا الزام لگانے کے ایک دن بعد کانگریس نے آج جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا ’ڈی این اے‘ کذب بیانی سے بھرا ہوا ہے ۔ اور اس حکومت نے تمام حدودپارکردی ہیں۔ کانگریس کے ترجمان نے حکومت پر جملے بازی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ ’مکمل طور جھوٹ ‘کے سواکچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ اپوزیشن نے حکومت کے جھوٹ اور کذب بیانی کو’ جملہ‘ کا نام دیا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ جملہ لفظ بھاجپاکے صدر امیت شاہ سے مستعارہے ۔ کانگریس کے ترجمان نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اب جھوٹ پکڑنے والی مشین سے کون گزرے گا یہ بھارت کے عوام کو بتا ئیں گے ۔ آپ کی حکومت کو جھوٹ پکڑنے والی مشین سے گزرنے کی ضرورت ہے؛ کیونکہ آپ نے تمام حدود کو پار کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے حکومت پر ملک سے جھوٹ بولنے کا الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مسلسل جھوٹ بول کر خاص طور پر عراق میں مارے گئے 39 ہندوستانیوں کے لواحقین کو فریب میں رکھا ہے ۔واضح ہو کہ کانگریس ترجمان نے کئی مسائل شمار کراتے ہوئے الزام لگائے کہ حکومت نے تمام میں عوام سے جھوٹ بولا ہے۔